دنیا بھر کے مسلمان عید کے پرُمسرت موقع پر کشمیری، فلسطینی بہن بھائیوں کو ضرور یادرکھیں، وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمدشہبازشریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر اندرون اور بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ اس پر مسرت موقع پر وہ اپنے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو ضرور یاد رکھیں جنہیں قابض فورسز کے بدترین مظالم کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہباز شریف نے آج (بدھ ) سماجی رابطے کے پلیٹ فارم “ایکس” پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ہمیں اس مبارک موقع کی خوشیوں کو مناتے ہوئے کمزور طبقات کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹنے کی اہمیت کو نہیں بھولنا چاہئے۔
انہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو یاد رکھیں جنہیں قابض فورسز کے بدترین مظالم کا سامنا ہے اور وہ جبر کے اس ماحول میں عید کی خوشیاں منانے پر مجبور ہیں۔ ہم سب دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی ان کی مشکلات کو آسان فرمائے۔وزیراعظم نے دعا کی ہے یہ مبارک وقت ہماری قوم، خطے اور دنیا کے لوگوں کے لیے امن، خوشحالی اور خوشیاں لائے۔