مظاہرے

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے مذموم عزائم کے خلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ

مظفرآباد12 اپریل(کے ایم ایس)نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں کے خلاف آج مظفر آباد میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مودی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ مقبوضہ جمو ں وکشمیرمیں بھارت کے ہندوئوں کی غیر قانونی آبادکاری کا نوٹس لے جس کا مقصدعلاقے میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، عثمان علی ہاشم، جاوید احمد اور محمد تنویر نے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کی سرزمین پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا قبضہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔مقررین نے حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری، او آئی سی اور عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button