کشمیری تارکین وطن

تارکین وطن پاکستانی و کشمیری ملک کا روشن چہرہ ہیں، افضل خان

مانچسٹر:برطانوی رکن پارلیمنٹ اور شیڈو منسٹر افضل خان نے مسئلہ کشمیر اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا نے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تارکین وطن پاکستانی و کشمیری ملک کا روشن چہرہ ہیں۔
افضل خان نے ان خیالات کا ظہار برطانیہ کے کاروباری شہر مانچسٹر کے تاریخی دی برٹش مسلم ورثہ سنٹر میں ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ورثہ اور ثقافت کو نئی نسل میں روشناس کرانا ضروری ہے۔ انہوںنے کہا کہ وہ پاک برطانیہ سفارتی، معاشرتی، کاروباری و معاشی تعلقات میں بہتری کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر امن و انسانی حقوق کے لئے متحرک معروف سماجی و فلاحی تنظیم یورپین تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلیپمینٹ انسپاڈ کے سربراہ سردار محمد طاہر تبسم نے لارڈ میئر آف مانچسٹر محترمہ یاسمین ڈار کے ہمراہ افضل خان کی پاکستان برطانیہ کے خوشگوار تعلقات ، مسئلہ کشمیر اور تارکین وطن پاکستانیوں کے حقوق کے لیے فعال کردار ادا کرنے پر انہیں انسپاڈ عالمی امن ایوارڈ سے نوازا۔
تقریب میں سابق لارڈ میئر آف مانچسٹر نعیم الحسن ، کاروباری شخصیات طاہر صدیق، عرفان احمد، سابق کونسلر ماجدڈار، نورین خواجہ ، بین الاقوامی فنکارہ فادیہ شب و روز، شائستہ بیگم ،مسز عذرا ناز تبسم، راجہ عارف خان، راجہ عمیر ظہوراور دیگر بھی موجود تھے۔
سردار محمد طاہر تبسم نے اپنی تقریر میں کہا کہ برطانیہ جیسی ایک عظیم معاشی طا قت میں تارکین وطن پاکستانی ہاوس آف لارڈز ، ہاوس آف کامن ، مئیر، کونسلز اور دیگر اہم شعبہ جات میں گراں قدر خدما ت سرانجام دے رہے ہیں۔ لارڈ مئیر یاسمین ڈار کا کہنا تھا کہ ہمیں برطانیہ میں موجود سنہری مواقعوں اور سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہو ئے یہاں کے فیصلہ ساز اداروں میں شامل ہونا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر دی برٹش مسلم ورثہ سنٹر کی جانب سے سردار محمد طاہر تبسم کو مسئلہ کشمیر کے لیے نمایاں خدمات پر اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ افضل خان 2017 میں ممبر برطانوی پارلیمینٹ منتخب ہو ئے تھے۔ قبل ازیں وہ بطور پہلے مسلمان لارڈ میئر آف مانچسٹر ، ممبر یورپین پارلیمینٹ بھی اپنی خدما ت سرانجام دے چکے ہیں۔ 2008 میں انہیں برطانوی ملکہ کی طرف سے سی بی ای کے اعزاز سے جبکہ حکومت پاکستان نے انہیں مارچ2018 میں ستارہ پاکستان سے نوازا تھا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button