منی پور:10قبائلی اراکین نے اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا
امپھال18اگست(کے ایم ایس)
شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں 10قبائلی اراکین اسمبلی نے21اگست سے شروع ہونے والے ریاستی اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
انڈیجنس ٹرائبل لیڈرس فورم(آئی ٹی ایل ایف) کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ قبائلی وزرا، اراکین اور عام افراد میتی(ہندو) اکثریتی دارالحکومت امپھال جانے سے ڈرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کوکی، زومی اور دیگر قبائلی طبقات سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی وزیر یا رکن اسمبلی سیکورٹی وجوہات کی بنا پر امپھال جانے کا خواہشمند نہیں ہے لہذا وہ اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے۔
کانگریس اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے مطالبے پر طلب کیے گئے اسمبلی اجلاس میں نسلی تشدد پر بحث کیے جانے کا امکان ہے ۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے اعداد وشمار کے مطابق منی پور میں رواں برس تین مئی سے جاری نسلی تشدد ، جلاﺅ گھیراﺅ میں اب تک260سے زائد لوگ مارے گئے ہیں ، 600سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔