مقبوضہ جموں وکشمیر :کل جماعتی حریت کانفرنس کی گرفتاریوں کی لہر کی مذمت
سرینگر19 اگست (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں محاصروں، چھاپوں اور گرفتاریوں کے تازہ واقعات کی مذمت کی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں سلیم زرگر، یاسمین راجہ، عبدالصمد انقلابی اور نریندر سنگھ خالصہ نے اپنے بیانات میں بھارتی فورسز اہلکاروں کی طرف سے گھروں پر چھاپوں اور نوجوانوں کی گرفتاری کو سیاسی انتقام کی بدترین شکل قرار دیا۔انہوں نے بھارتی فورسز اہلکاروں اور بدنام زمانہ تحقیقاتی ایجنسیوں این آئی اے ، ایس آئی اے وغیرہ کی طرف سے سری نگر، بارہمولہ، کپواڑہ ،کولگام، شوپیاں، پلوامہ، بانڈی پورہ، اسلام آباد، پونچھ، راجوری، کشتواڑ اور دیگر اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران عام لوگوں کو نشانہ بنائے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا اور وہ اپنی جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں نے بھارت اور مقبوضہ جموںوکشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، اسلامی تعاون تنظیم، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اپنی ٹیمیں علاقے میں بھیجیں۔