مقبوضہ جموں و کشمیر

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بیگناہ کشمیریوں کے قتل کانوٹس لینے کی اپیل

سرینگر20 نومبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہریوں کے بے رحمانہ قتل کا نوٹس لیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کئے گئے گھناونے جنگی جرائم کی غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کشمیریوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کر رہی ہے اور اس نے علاقے کو ایک فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے جہاں عام لوگوں کو ان کے تمام بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ مولودی بشیر احمد نے کہا کہ بھارتی جبر و استبداد کشمیر کے آزادی پسند لوگوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے سے نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے غیور اور بہادر عوام نے بھارتی فوجی غرور کو خاک میں ملا دیا ہے اور بھارتی مظالم، شہریوں کے بہیمانہ قتل، خواتین کی عصمت کی بے حرمتی اور انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں کے خلاف کشمیریوں کا غصہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔مولوی بشیر احمد نے کہا کہ بھارت نے 10 لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کر کے 80 لاکھ لوگوں کا محاصرہ کر رکھا ہے جنہیں کسی بھی شخص کو بلا وجہ قتل کرنے کیلئے کالے قوانین کے تحت بے لگام اختیارات حاصل ہیں۔ انہوں نے سری نگر کی جامع مسجد میں لوگوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کے لیے فوجی طاقت کے استعمال کی مذمت کی۔مولوی بشیر احمد عرفانی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
دریں اثناگجر پہاڑی ڈیموکریٹک فورم کے نائب چیئرمین منیر احمد ملک اور سیکرٹری جنرل ایڈوکیٹ ظہور احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سوچی سمجھی سازش کے تحت بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں چار بیگناہ شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی اور معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات مقبوضہ علاقے میں اس وقت تک ہوتے رہیں گے جب تک تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو بے گناہ لوگوں کے قتل سے روکے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن قائم ہوسکے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button