انسانی حقوق

میرواعظ گھر میں نظربند ہیں، گورنر جھوٹ بول رہے ہیں کہ وہ آزاد ہیں: فاروق عبداللہ

Graphic1سرینگر19اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ سینئر حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق گھر میں نظر بند ہیں اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جھوٹ بول رہے ہیں کہ وہ کہیں بھی جانے کے لئے آزاد ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سوال اٹھایاکہ اگر میر واعظ آزاد ہیں تو ان کے گھر کے باہر بھارتی فورسز کے اہلکار کیوں تعینات ہیں؟ اگر وہ آزاد ہیں تو میڈیا ان کا انٹرویو کیوں نہیں کر سکتا اور صحافی ان کے گھر کیوں نہیں جا سکتے؟انہوں نے کہاکہ یہ سب سراسر جھوٹ ہے، سو فیصد جھوٹ ہے۔ فاروق عبداللہ نے کہاکہ میرواعظ جامع مسجد تک نہیں جا سکتے۔ کب تک جھوٹ بولیں گے؟ اگر وہ (میرواعظ)آزاد ہیں تو ان کے دروازے پر فورسز کے اہلکار کیوں تعینات ہیں اور وہاں کوئی داخل کیوں نہیں ہو سکتا؟ واضح رہے کہ فاروق عبداللہ کا یہ ردعمل لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے اس بیان کے بعد آیا ہے کہ میرواعظ آزاد ہیں اور وہ اپنے گھر سے باہر جا سکتے ہیں۔ این سی صدر نے کہا کہ ان لیڈروں کے ناموں کو ہٹا کر تاریخ کو دفن یا تبدیل نہیں کیا جا سکتا جو بھارتیہ جنتا پارٹی کا حصہ نہیں رہے ہیں، یہ ابھر کر سامنے آئیں گے اورہمیشہ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام نے 800سالہ مغل حکومت کی تاریخ کو کتابوں سے ہٹا دیا ہے، لیکن کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ مغل یہاں نہیں تھے؟ جب لوگ تاج محل دیکھنے جائیں گے تو کیا کہیں گے، کس نے بنایا؟ جب وہ لال قلعہ جائیں گے تو کیاکہیں گے کہ کس نے بنایا؟ جامعہ مسجد، ہمایوں کا مقبرہ، صفدرجنگ مقبرہ، قطب مینار دیکھ کر کیا کہیں گے؟ آپ تاریخ کو دفن نہیں کر سکتے، تاریخ سامنے آئے گی۔ ہم غائب ہو جائیں گے، یہ لوگ دوسروں کی طرح غائب ہو جائیں گے، لیکن تاریخ باقی رہے گی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button