ایمپلائیز موومنٹ کی طرف سے شہید کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت
سرینگر22اکتوبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ایمپلائز موومنٹ نے مقبوضہ علاقے میں حالیہ دنوں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایمپلائز موومنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر و استبداد اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور بھارتی فوجی کشمیریوں کی املاک کو تباہ اور شہداء کی میتوں کی بے حرمتی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کے اپنے منصوبے پر کام جاری رکھے ہوئے ہے اور کشمیری نوجوانوں کے قتل کے پے درے پے واقعات اسی منصوبے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارت جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے کشمیریوں کی نسل کشیُ کررہاہے۔تاہم انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر دیرینہ تنازعہ کشمیر حل کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم ہو سکے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے۔