کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے جمعہ کو حیدر پورہ چلو مارچ کی دوبارہ اپیل
سرینگر:
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے جمعہ کو قائد تحریک سید علی گیلانی کے دوسرے یوم شہادت کے موقع پر حیدر پورہ چلو مارچ کی دوبارہ اپیل کی ہے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں محمد رمضان، شاہد سلیم، غلام نبی سمجھی، محمد اقبال، مختار وازہ، انجینئر ہلال احمد وار، فریدہ بہن جی، سید سلیم گیلانی، خادم حسین، سید سبط شبیر قمی، غلام نبی وار، وسیم احمد، غازی منظور، محمد شفیع لون، جمیل احمداور پیرزادہ عطا اللہ نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیابھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جرائم کو بے نقاب کرنے کیلئے اس دن زبردست احتجاجی مظاہرے کریں۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی جنہوں نے اپنی پوری زندگی آزادی کے مقدس مشن کے لیے وقف کررکھی تھی آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کوقتل توکر سکتا ہے لیکن وہ ان کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموںسے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کو رکوانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کریں۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس، وارثین شہدا، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جسٹس اینڈ پیس انیشی ایٹو، نوجوانان حریت جموںوکشمیر ، جموں کشمیر جسٹس لیگ فورم، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، ریزسٹنس یوتھ فورم جموں کشمیر، ڈیموکریٹک یوتھ فورم اور دیگر تنظیموں کی جانب سے مقبوضہ کشمیرکے مختلف علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور بجلی کے کھمبوں پر ایک بار پھر پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔ پوسٹروںمیں کشمیری عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ یکم ستمبر کو سیدعلی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حیدر پورہ کی طرف مارچ کریں۔ انہوں نے مساجد کے امام اور خطیب صاحبان سے بھی سید علی گیلانی اور دیگر کشمیری شہدا کی بلندی درجات کیلئے کے لیے خصوصی دعائوںکی اپیل کی ہے ۔