تحریک حریت کے رہنما محمد رفیق اویسی کی بلاجواز گرفتاری کی مذمت
اسلام آباد11جون (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنما غلام محمد صفی نے کہاہے کہ تحریک حریت جموں وکشمیر بھارت کے ظالمانہ اور جابرانہ ہتھکنڈوں کے سامنے پہلے جھکی ہے نہ آ ئندہ کبھی جھکے گی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں تحریک حریت کے ضلع سرینگر کے صدر محمد رفیق اویسی کی بلاجواز گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ سرفروشوں کی جماعت اور انقلابیوں کا قافلہ ہے۔ انہوں نے اسے بنیادی انسانی حقوق کی شدید پامالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک حریت کو ایجنسیوں کے ذریعے دبایا نہیں جاسکتا۔حریت رہنما نے کہاکہ ایک پر امن حریت پسند کو فرضی الزامات کے تحت گرفتار کرنااور کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے کوٹ بھلوال جیل پہنچا دینا کہاں کا انصاف ہے؟انہوں نے کہاکہ بھارت ایسے حربوں سے نہ کشمیر میں امن خرید سکتا ہے اور نہ کشمیریوں کو خاموش کراسکتا ہے۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ تحریک حریت ایک پرامن سیاسی جماعت ہے اور اگرطاقت کا بے تحاشا استعمال کرکے پرامن سیاسی جدوجہد کے دروازے بند کئے جائیں تو پھر حالات کی خرابی کے وہی ذمہ دار ہوں گے جو پرامن جدوجہد کی راہیں مسدود کرتے ہیں۔ انہوں نے قابض بھارتی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ محمد رفیق اویسی سمیت تمام حریت رہنمائو ں اور کارکنوں کو رہا کرے اور پرامن جدوجہد پر پہرے نہ بٹھائے۔انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیاکہ وہ لوگوں کی باتوں پر کان دھرے،ان کی آ رزئو ں اور امنگوں کا احساس کرکے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے ساز گار ماحول پیداکرے کیونکہ یہی جنوبی ایشیا میں دائمی امن کا واحد راستہ ہے۔