تنازعہ کشمیر سے متعلق یورپی یونین کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ، صدر یورپی کمیشن ارسلا واندرلیان
برسلز :
یورپی کمیشن کی صدر ارسلا واندرلیان اور نائب صدر اور یورپین یونین کے اعلی سطحی بیرونی تعلقات اور سکیورٹی پالیسی کے انچارج جوزف بورل نے کہاہے کہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں یورپی یونین کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور انہوں نے بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کامعاملہ بھارت کے ساتھ اٹھانے کا عزم ظاہرکیا ہے۔
ارسلہ وندر لیان اور جوزف بورل نے یورپین پارلیمنٹ کے اراکین کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے متعلق اپنے خط میںظاہر کیے گئے خدشات کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے جلد ہی بھارتی حکومت کے ساتھ یہ معاملہ اٹھائیں گے۔قانون سازوں کے نام اپنے خط میں ارسلہ وندر لیان اور جوزف بورل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے حوالے سے مزاکرات پر بھی زور دیا۔
ادھر ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہرری پرویز اقبال لوسر نے حال ہی میں اراکین یورپین پارلیمنٹ خاص طور پر اٹلی، یونان، فرانس، سپین اور سویڈن سے تعلق رکھنے والے ممبرز کی توجہ مقبوضہ جموںو کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر مبذول کرائی ہے ۔انہوں نے کاسٹالڈو فائیو ماسیمو، پیگنیڈولی سبرینہ، ڈیماتو روزا، ساٹوری مونیر، جورڈی سولے، پونساتی ابیولس کلارا، کولوگلو سٹیولس اور انسر ایون سمیت ممبرز یورپین پارلیمنٹ کو اس بات پر قائل کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے کیلئے صدر و نائب صدر یورپین کمیشن پر زور دیں ۔چوہدری پرویز اقبال لوسر نے اراکین یورپین پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور بھارتی حکومت پر زور دیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیں۔اراکین یورپین پارلیمنٹ نے اپنے خط میں صدر و نائب صدر یورپین کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت اور پاکستان کو مذاکرات کی میز پر لائیں اور مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہی اس تنازعہ کے حل کا واحد راستہ ہیں۔
اراکین یورپین پارلیمنٹ نے تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پراجاگر کرنے پر چوہدری پرویز اقبال کے مثبت کردار اور کاوشوں کو سراہا۔