سکھوں اور کشمیریوں کو نئی دہلی میں جی 20 اجلاس کی طرف مارچ کی اپیل
نئی دہلی04 ستمبر (کے ایم ایس) خالصتان تحریک کے معروف رہنما اور سکھز فار جسٹس(ایس ایف جے)کے بانی گرپتونت سنگھ پنن نے سکھوں اور کشمیری مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ستمبر کے دوسرے ہفتے میں نئی دہلی پہنچ جائیں اور جی 20سربراہی اجلاس کے مقام کی طرف مارچ کریں۔
دو روزہ سربراہی اجلاس 9اور 10ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔سکھ رہنمانے ایک ویڈیو پیغام میں لوگوں سے پریگتی میدان کی طرف مارچ کرنے کی اپیل کی جہاں نمازجمعہ کے بعد سربراہی اجلاس منعقد ہوگا۔ انہوں نے دہلی کے آئی جی آئی ہوائی اڈے پر خالصتانی پرچم لہرانے کی بھی دھمکی دی۔یہ بیان دہلی بھر کے کئی میٹرو اسٹیشنوں پر خالصتان کے حق میں وال چاکنگ کے چند دن بعدسامنے آیا ہے۔ پولیس نے بھارت مخالف نعرے درج کرنے پر ایس ایف جے سے وابستہ دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ حکام نے بتایا کہ یہ نعرے گروپتونت سنگھ پنن کے کہنے پر تحریرکئے گئے تھے۔پنجابی باغ، شیواجی پارک، ماڑی پور، پشچم وہار، صنعت نگر، مہاراجہ سورجمل اسٹیڈیم اور نانگلوئی سمیت میٹرو اسٹیشنوں کی دیواروں پر”دہلی بنے گا خالصتان” اور”خالستان ریفرنڈم زندہ باد”جیسے نعرے تحریر کیے گئے تھے۔ مغربی دہلی میں ہونے والے جی 20سربراہی اجلاس کو اس وقت بھارت کی واضح ناکامی سمجھا جا رہا ہے کیونکہ چین اور روس جیسے دو بڑے ممالک کے صدور نے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔