مقبوضہ کشمیر:ہائی کورٹ نے مولانا دائودی اور مشتاق ویری کی کالے قانون کے تحت نظربندی کالعدم قراردیدی
سرینگر 08 ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے مولانا عبدالرشید دائودی اور مشتاق احمد ویری کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی نظر بندی کوکالعدم قراردیتے ہوئے انکی رہائی کے احکامات جاری کئے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہائی کورٹ کے جج جسٹس سنجے دھر اور جسٹس رجنیش اوسوال پر مشتمل دورکنی بنچ نے جمعہ کوقابض انتظامیہ کو دونوں مذہبی علما کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا جنہیں گزشتہ سال ستمبر میں گرفتارکیا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں جموں کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیاگیاتھا۔ہائی کورٹ نے دونوں علمائے کرام کی طرف سے اپنی غیر قانونی نظربندی کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انکی کالے قانون کے تحت نظربندی کالعدم قراردیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو انہیں فوری طورپر جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا ۔ مولانا عبدالرشید دائودی تحریک سوت الاولیا کے سربراہ ہیں جبکہ مولانا مشتاق احمد ویری جمعیت اہلحدیث سے وابستہ ہیں۔