بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے: غلام احمد گلزار
سرینگر 22 جولائی (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر میں بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سینٹرل جیل سری نگر سے ایک پیغام میں کہا کہ بھارت نے 10لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں اور پیراملٹری اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ مقبوضہ علاقے کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں لوگوں کے تمام بنیادی حقوق اور آزادیاں سلب کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ نریندر مودی کی قیادت میں فسطائی بھارتی حکومت جموںوکشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے اور خطے کے مسلم تشخص کو تباہ کرنے کے انتہا پسند ہندو تنظیم ”آر ایس ایس “کے ہندوتوا ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہر وحشیانہ حربہ استعمال کر رہی ہے ۔ غلام احمد گلزارنے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کو بیگناہ کشمیریوں پر مظالم ڈھانے پر بھارت کا محاسبہ کرے اور اسے کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر کو حل کرنے پر مجبور کرے۔
دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے سرینگر، گاندربل، بڈگام، بارہمولہ، کپواڑہ، پلوامہ، اسلام آباد، شوپیاں، راجوری، پونچھ اور کٹھوعہ اضلاع کے متعدد علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں اور لوگوں کو ہراساں کیا اورڈرایا دھمکایا۔
کشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی خودکشیوں کے واقعات عام ہیں جیسا کہ حال ہی میں بھارتی وزارت دفاع کی طرف سے جاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ پانچ برس کے دوران بھارتی فورسز کے 819اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارتی مسلح افواج میں خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے رحجان سے فوج میں ذہنی دباﺅ اوراس کے پست مورال کا اظہار ہوتا ہے۔بھارت بھر میں گزشتہ پانچ برس کے دوران 819خودکشیاں کرنے والے بھارتی افواج کے اہلکاروں میں642بھارتی فوجی ، ، 148 فضائیہ اور 29 بھارتی بحریہ کے اہلکار شامل ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی مسلح افواج میں خودکشی کی بلند شرح کی اہم وجہ ان کی غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر جیسے متنازعہ علاقوں میں تعیناتی بھی ہے۔رپورٹ میں مزید کہاگیا ہے کہ کشمیری عوام کے خلاف ایک بلا وجہ جنگ لڑنے کے احساس اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل ، گرفتاریوں اور ان پر ظلم و تشدد پر احساس ندامت کے علاوہ اعلیٰ افسران کی بدسلوکی اور ناقص خدمات مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں میں بڑھتی ہوئی خودکشیوں کی اہم وجوہات ہیں۔
اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے مقررین نے کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سے آگاہ کرنے کیلئے انتھک جدوجہد کرنے اور سیاسی اور سفارتی محاذ پر ہر ممکن اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔ مقررین میں قومی یکجہتی فورم سعودی عرب کے کنوینر سردار اقبال یوسف ، سینئر صحافی وقار زمان کیانی اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر شامل تھے ۔