بھارت
ہم نے مودی کے ساتھ انسانی حقوق اور آزاد ی صحافت کا مسئلہ اٹھایا: جوبائیڈن
ہنوئی11ستمبر(کے ایم ایس)امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم مودی کے ساتھ انسانی حقوق کے احترام کی اہمیت کو اس وقت اٹھایا جب وہ جی 20سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت میں موجود تھے۔
جو بائیڈن نے ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ میں نے ہمیشہ کی طرح انسانی حقوق کے احترام کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی تعمیر میں سول سوسائٹی اور آزاد صحافت کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ جمعہ کے روز مودی اوربائیڈن کے دوطرفہ مذاکرات کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ بیان کے مطابق دونوںرہنمائوں نے اس بات کا اعادہ کیاکہ آزادی، جمہوریت، انسانی حقوق، شمولیت، اجتماعیت اور تمام شہریوں کے لیے مساوی مواقع کی مشترکہ اقدار ہمارے ممالک کی کامیابی کے لیے اہم ہیں اور یہ اقدار ہمارے تعلقات کو مضبوط کرتی ہیں۔