مہاراشٹر: جامع مسجد کراڈمیں نمازیوں پر ہندوتوا غنڈوںکا حملہ، ایک نمازی شہید
ممبئی:
بھارتی ریاست مہاراشٹر میںہندوتوا غنڈوں نے جامع مسجد میں موجود نمازیوں پر لوہے کی سلاخوں ،لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا اورتوڑ پھوڑ کی جس سے ایک نمازی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں ۔
ریاست کے علاقے کراڈ کے پوسے ساوڑی گائوں میںگزشتہ روز ہندو دیوی دیوتائوں کے بارے میں نازیبا پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہندوتوا سے تعلق رکھنے والے بعض غنڈوں نے جامع مسجد میں گھس کر وہاں موجود نمازیوں پر لوہے کی سلاخوں ،لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیااورانہیں لہو لہان کر دیا۔حملے میں ایک نمازی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا ۔گائوں کے مسلمان شہید ہونیوالے نمازی کا جنازہ پوسے ساوڑی گائوں میں رکھ کر احتجاج کر رہے ہیں اورحملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کرر ہے ہیں ۔ علاقے کی صورتحال کشیدہ ہے اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔ جمعیت علما مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی اور دیگر صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے گائوں پہنچے انہوںنے ہسپتال میں زیر علاج زخمی نمازیوںکی عیادت کی اور علاقے مسلمانوں سے پر امن رہنے کی اپیل کی ۔ مولانا حلیم اللہ قاسمی نے حملے میں ملوث ہندوتوا غنڈوں کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔