مظفر آباد میں زبردست بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ
مظفر آباد:
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آج مظفر آباد میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیاہ جھنڈے لہراتے ہوئے مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور جموںوکشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔مظاہرین سے پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما امتیاز وانی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، سماجی رہنما ڈاکٹر محمد منظور ،محمد اسلم انقلابی، راجہ ضمیر حسین، فیصل فاروق اور محمد فیاض خان نے سمیت مقررین نے خطاب کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافے کی مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ 05اگست 2019کے بعد سے مودی کی بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کے تمام بنیادی انسانی، سماجی، سیاسی اور مذہبی حقوق سلب کر لیے ہیں۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور یورپی یونین سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو 5اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو واپس لینے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے پر مجبور کرے۔بعد ازاں مظاہرین نے لال چوک اپر اڈہ سے سی ایم ایچ روڈ تک مارچ کیا اور بھارت مخالف نعرے لگائے۔