پاکستان کو یاسین ملک کی غیر منصفانہ سزا کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں اپیل کرنی چاہیے :بیرسٹر سلطان
اسلام آباد 03 جون (کے ایم ایس)
آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کوعالمی عدالت انصاف اوراقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں حریت رہنماء محمد یاسین ملک کی بھارتی عدالت کی طرف سے عمر قید کی غیر منصفانہ سزا کے خلاف اپیل کرنی چاہیے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اسلام آباد میں یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی عدالت انصاف میں یاسین ملک کی سزا کے خلاف اپیل کیلئے ابھی 22دن باقی ہیں لہذا اس سلسلے میں جلد اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر اس سلسلے میں جلد کوئی اقدام نہ کیاگیا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی اور اس سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ کل رات برطانیہ، آئرلینڈ اور برسلزکے دورے پر جا رہے ہیں جہاں وہ برطانوی ، یورپی اور آئرش پارلیمنٹوں سمیت دیگر عالمی اداروں میں یاسین ملک کی سزا کے خلاف جارحانہ انداز میں آواز بلند کریں گے ۔ سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ عالمی عدالت میں صرف رکن ممالک کوہی اپیل کا حق حاصل ہے لہذاوہ حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ یاسین ملک کی غیر منصفانہ سزا کا مقدمہ فوری طور پر عالمی عدالت انصاف میں لے کر جائے ۔
اس موقع پر مشعال حسین نے کہا کہ یاسین ملک کی سزا کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جانا اس لئے بھی ضروری ہے کیونکہ یاسین ملک بھارت کے باشندے نہیں ہیں اور ان پر بھارتی قانون کااطلاق نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں اور انکی بیٹی کو بھی یاسین ملک سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ لہذا اس سلسلے میں عالمی عدالت انصاف میں جانا انتہائی ضروری ہے۔