انسانی حقوق

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت

0سرینگر15 ستمبر (کے ایم ایس)
ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ ، کشمیر فریڈم فرنٹ اور جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس، کشمیر فریڈم فرنٹ کے چیئرمین سید بشیر اندرابی اور ایمپلائز موومنٹ کے جنید الاسلام نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں روزکامعمول بن چکی ہیں اور بھارتی فوجی چھاپوں کے دوران بچوں اور خواتین کو بھی نہیں بخشتے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے جموں و کشمیر کو عملی طور پر ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت کی فوج مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے اور مودی کی بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں جب بھارت نے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرکے اسکا فوجی محاصرہ کرلیا تھا۔انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ظلم وتشددرکوانے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button