لبریشن فرنٹ کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اظہارتشویش
اسلام آباد: جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جے کے ایل ایف کے ترجمان محمد رفیق ڈار نے اسلام آباد میں پاکستان کی انسانی حقوق کونسل کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کے لوگوں کو 1931 سے اور خاص طور پر 1947میں تقسیم برصغیر کے دوران اور اس کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سامراجی طاقتیں یہیں نہیں رکیں بلکہ خطے میں سب سے قدیم اورشاندار اقدار، تاریخ اور اخلاقیات کی مالک قوم کو غلام بنا کر اپنے توسیع پسندانہ عزائم کو جاری رکھا۔انہوں نے ماورائے عدالت قتل، خواتین کی اجتماعی عصمت دری،اندھا دھند گرفتاریوں، املاک کی ضبطی اور تباہی اور محمد یاسین ملک سمیت اعلیٰ قیادت کو سیا سی انتقام کا نشانہ بنائے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے ریاست میںانسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی 2018اور 2019کی رپورٹیں ان خلاف ورزیوں کی گواہ ہیں۔ رفیق ڈار نے عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کریں اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خاتمے اور کشمیریوں کو آزادی کا حق دلانے میں اپنا کردارادا کریں۔