محمود ساغر کا ترک صدر کے نام خط ،جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر شکریہ ادا کیا
اسلام آباد 21ستمبر (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینئر محمود احمد ساغر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے ترک صدر کے نام ایک خط میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز عالمی فورم پر بلند کرنے پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ جنرل اسمبلی میں مظلوم کشمیریوں کی حالت زار اجاگر کرنے اور عالمی رہنمائوںکی توجہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اورفوری حل کی جانب مبذول کرانے پر کشمیری عوام رجب طیب اردوان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ حل طلب تنازعہ کشمیر سے جنوبی ایشیاء کے امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے ۔انہوں نے صدر اردوان کی کشمیری عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کاذکر کرتے ہوئے کہاکہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ترکیہ کی مسلسل حمایت کشمیری عوام کیلئے ہمیشہ عزم و ہمت کا باعث رہی ہے۔محمود احمد ساغرنے کہاکہ ترکیہ کے عوام اورحکومت نے ہمیشہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی حمایت کی ۔تاہم انہوں نے کہاکہ مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اور اس کے بعد مقبوضہ علاقے کے سنگین حالات کے پیش نظراس سلسلے میں مسلم ممالک خصوصی ترکیہ کا کردار اور ذمہ داری مذید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، کشمیری عوام کو توقع ہے کہ ترک صدر بھارتی مظالم کے شکار کشمیری عوام کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔