پاکستان تنازعہ کشمیر کے حل تک کشمیریوں کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہے گا، نگران وزیر اعظم
اسلام آباد :
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے اس بات کا اعادہ آزاد جموںو کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تک کشمیریوں کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہے گا جب تک مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہو جاتا۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کی حمایت میں بھر پور آواز اٹھانے پر وزیراعظم پاکستان کاشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے پر ہم کشمیری عوام آپ کے مشکور ہیں۔