بھارت مقبوضہ کشمیرمیں 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدامات منسوخ کرے :پاکستان
اسلام آباد 11نومبر (کے ایم ایس)
پاکستان نے بھارت پرزوردیا ہے کہ وہ اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں5 اگست 2019 کوکئے گئے یکطرفہ اورغیرقانونی اقدامات منسوخ کرے اور مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کی تبدیلی کا عمل روکے۔
کشمیرمیڈیاسروس جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے یونیورسل Perodic ریویو میں بھارت کے انسانی حقوق ریکارڈ کی چھان بین کی گئی ہے۔ دفترخارجہ کے ترجمان کی طر ف سے جاری ایک بیان کے مطابق پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 25 کے تحت بین الاقوامی قانون کے تحت اپنا وعدہ پورا کرے اور جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔یو پی آر جائزے میں پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر کی کشمیر رپورٹ کی سفارشات کو قبول کرے اور مقبوضہ علاقے تک غیرجانبدار مبصرین کو رسائی دے۔پاکستان نے کشمیر پر بین الاقوامی برادری کی تشویش کا بھی ذکر کیا اور بھارت پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی تمام خلاف ورزیاں بند کرے اور کشمیری سیاسی نظربندوں ، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو رہا کرے۔پاکستان نے بھارت سے کہا کہ وہ کشمیریوں اور اقلیتوں کے خلاف استعمال ہونے والے تمام امتیازی قوانین کو بھی فوری طور پر منسوخ کرے۔