پاکستان تنازعہ کشمیر کے حل تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،دفتر خارجہ
اسلام آباد:پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کیلئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان تاریخی جامع مسجد سرینگر میں جمعتہ الوداع، شب قدر اور عیدالفطر کی نماز سمیت اہم مذہبی تقریبات کے انعقاد پر پابندی کے بھارتی قابض حکام کے فیصلے پر اپنی سخت مایوسی کا اظہار کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ مسلسل پانچواں سال ہے جب قابض انتظامیہ نے اس تاریخی مسجد میں عید الفطر کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مذہبی رہنمائوں پر پابندیاں عائد کرنا اور کشمیریوں کو خصوصی مذہبی مواقع پراکٹھے ہونے سے روکنا بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی مذہبی آزادی کیلئے ایک سنگین چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو کشمیری عوام کو آزادی سے اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی اور پرامن اجتماع کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔