بھارتی حکام کی قابض انتظامہ کو شبیر شاہ کی تنظیم ڈی ایف پی کے فنڈز اور اثاثے ضبط کرنے کی ہدایت
سرینگر: بھارتی حکام نے غیرقانونی طوپرنظر بندکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما شبیر شاہ کی تنظیم جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پابندی عائد کرنے کے دو دن بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کے تحت تنظیم کے فنڈز، جائیدادیں اور اثاثے ضبط کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے آج ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی انتظامیہ کو حریت پسند تنظیم کے فنڈز، جائیدادیں اور اثاثے ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک کے قانون1967 یواے پی اے کے سیکشن 42کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی حکومت ہدایت کرتی ہے کہ جموں و کشمیر کی انتظامیہ ممنوعہ تنظیم کے سلسلے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یواے پی اے کے سیکشن 7اور سیکشن 8 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرسکتی ہے۔سیکشن 7غیر قانونی ایسوسی ایشن کے فنڈز کے استعمال کو روکنے کے لیے حکومت کے اختیار سے متعلق ہے جبکہ سیکشن 8 غیر قانونی ایسوسی ایشن کے مقصد کے لیے استعمال ہونے والے مقامات کو ضبط کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔