مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے

سرینگر27اکتوبر (کے ایم ایس )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزاد ی جاری رکھیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے 27اکتوبر کو جموں وکشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا کیونکہ اس دن بھارت نے برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کی صریحا خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف جموں وکشمیر یں اپنی فوجیں اتار کر اسے پر غیر قانونی طورپر قبضہ کرلیاتھا۔کشمیر فریڈم فرنٹ کے غیر قانونی طور پر نظربند چیئرمین سید بشیر اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری کو جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کا نوٹس لینا چاہیے ۔انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی پر بھی افسوس ظاہر کیا۔ شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سید بشیر اندرابی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری شہد ا کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیری عوام دنیا کی دیگر اقوام کی طرح امن اور خوشحالی سے بھرپور زندگی گزاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کو اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکنے میں مکمل طورپر ناکام ہو چکا ہے ۔جموں و کشمیر سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم کے کارکنوں نے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرز چسپاں کیے جن پر درج پیغامات میں کہاگیا تھا کہ کشمیر ی اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ پوسٹر سرینگر اوردیگر علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں کیے گئے تھے۔
ادھر تحریک استقلال جموں و کشمیر کے وائس چیئرمین مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر تقسیم برصغیر کا ادھورا ایجنڈا ہے اور اگر برطانیہ اور بھارت بے ایمانی سے کام نہ لیتے تو لاکھوں کشمیری کے قتل عام کو روکا جاسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کیلئے پر امن طورپر اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں جسے وہ ہر قیمت پراسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button