مکھن دین کی المناک موت کو کئی ہفتے گزر گئے، ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی: محبوبہ مفتی
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ ضلع کٹھوعہ میںمکھن دین کی المناک موت کو کئی ہفتے گزر گئے ہیں اور ابھی تک کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں ڈائریکٹر جنرل پولیس پر زوردیا ہے کہ وہ مکھن دین کے اہلخانہ کے لیے انصاف کو یقینی بنائیں اور مستقبل میں ایسے المناک واقعات کو روکیں۔ انہوں نے کہاکہ ابھی تک عدالتی تحقیقات یا سوگوار خاندان کے لیے کسی قسم کی مدد یا معاوضے کا کوئی حکم نہیں دیاگیا۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ مقتول کو خودکشی پر مجبور کرانے والا ایس ایچ او بلاور ابھی تک آزاد ہے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ صرف یہیں ختم نہیں ہوتا،مکھن دین جیسے بہت سے بے گناہ افراد کو یہی افسر عسکریت پسندی کے جھوٹے الزامات میں گرفتارکرتا ہے اور جب تک کارروائی نہیں کی جاتی ، اس طرح کے المناک انجام کا سامناپھر کرنا پڑ سکتا ہے۔







