کمانڈر سیف اللہ خالد شہید کو 31ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت
اسلام آباد24فروری(کے ایم ایس) شہید عبدالرشید اصلاحی المعروف سیف اللہ خالد شہید کو ان کے31ویں یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب کی صدارت جموں وکشمیر عوامی پارٹی کے وائس چیئرمین امتیاز احمد بٹ نے کی۔عبدالرشید اصلاحی جموں خطے کے معروف مجاہدکمانڈر تھے۔تقریب کا مقصد شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا اور اقوام عالم کو باور کرانا تھا کہ جموں وکشمیر کے عوام اپنے شہدا ء کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے اور اس کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔تقریب میں کنن پوشپورہ واقعے کے متاثرین سے بھی اظہاریکجہتی کرتے ہوئے کہاگیاکہ غیور کشمیری قوم اس واقعے کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو دبانے کے لئے خواتین کی آبروریزی کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب شہدا ء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور جموں و کشمیر بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد ہوگا۔ تقریب میں دیگر لوگوں کے علاوہ خالد شبیر، عبدالرشیدبٹ اور ذاکر حسین نے بھی شرکت کی۔