خراج عقیدت

شیخ تجمل الاسلام کو صحافت اور کشمیر کاز کے لیے خدمات پرشاندار خراجِ عقیدت

اسلام آباد:معروف صحافی اور محسنِ کشمیر شیخ تجمل الاسلام کی پانچویں برسی کے موقع پر ایک تعزیتی ریفرنس میں مقررین نے صحافت اور کشمیر کاز کے لیے ان کی گرانقدر خدمات پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن (UKJA) کے زیرِ اہتمام منعقدہ ریفرنس میں سینئر حریت رہنماوں، صحافیوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔اس موقع پر سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ شیخ تجمل الاسلام غیر معمولی عزم اور لگن کے حامل شخص تھے جو کشمیر میں قانون اور صحافت کے شعبوں میں کامیاب کیریئر بنا سکتے تھے، لیکن انہوں نے اپنی زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کرنے کا انتخاب کیا۔انہوں نے کہا کہ شیخ تجمل الاسلام کشمیر میں ایک کامیاب وکیل اور صحافی تھے، تاہم 1970ءاور 1980ءکی دہائی کے سیاسی ماحول نے انہیں اپنی صلاحیتیں اور کیریئر کشمیر کاز کے لیے وقف کرنے پر آمادہ کیا۔فاروق رحمانی نے کہا کہ انہیں اس وقت کے سیاسی حالات کے پیشِ نظر مقبوضہ جموں و کشمیر سے ہجرت کرنا پڑی اور انہوں نے متعدد مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہنچنے کے بعد شیخ تجمل الاسلام نے کشمیر میڈیا سروس کو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک فعال پلیٹ فارم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ شیخ تجمل الاسلام نے کشمیر کی جدوجہد کو کشمیر میڈیا سروس کے ذریعے دستاویزی شکل دینے کے لیے بھی مسلسل کوششیں کیں جو بعد ازاں کشمیر سے متعلق پیش رفت کے حوالے سے معلومات اور حوالہ جات کا ایک اہم ذریعہ بن گیا۔جموں و کشمیر محاذِ اسلامی کے کنوینر ڈاکٹر محمد عنایت اللہ اندرابی نے شیخ تجمل الاسلام کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی کے دوران گراں قدر خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ شیخ تجمل الاسلام کی میراث کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے زیادہ وسیع فکری اور سیاسی سطح پر کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔سینئر حریت رہنما شیخ متین نے بھی شیخ تجمل الاسلام کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور صحافت اور کشمیر کاز کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔تقریب سے ایم ضیاءالحق اندرابی اور سینئر صحافیوں محمد اشرف وانی اورحبیب اللہ شیخ نے بھی خطاب کیا اور صحافت اور کشمیر کاز کے لیے شیخ تجمل الاسلام کی وابستگی اور عزم کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر شیخ تجمل الاسلام کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button