بھارتی فورسز کشمیریوں کی منظم نسل کشی میں مصروف ہیں،ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی
سرینگر26اگست(کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ”ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی“ نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کے مسلسل قتل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری جنگی جرائم کا موثر نوٹس لیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نوجوانوں کے حالیہ قتل عام کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین شکل قرار دیا۔ انہوںنے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمی ہے کہ بھارتی فورسز کشمیری نوجوانوں کو بلا وجہ قتل کر رہی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ کچھ ماہ کے دوران بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے بھر پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بیسیوں نوجوانوںکو شہید کیا جو مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے مذموم بھارتی منصوبے کا حصہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی فورسز ایک طرف کشمیریوں کی منظم نسل کشی میں مصروف ہیں جبکہ دوسری طرح مودی کی فسطائی حکومت مقبوضہ علاقے میں اختلافی آوازوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ ، یو اے پی اے اور دیگر کالے قوانین کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوںنے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے بڑھتے ہوئے قتل عام کا نوٹس لے۔ ترجمان نے کہا کہ جب تک بھارتی حکومت کو مقبوضہ علاقے میں گھناﺅنے جنگی جرائم کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاتا اس وقت تک علاقے میں خونریزی کا تشدد کا خاتمہ نہیں ہو گا۔