بھارت :مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ میں اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی رہنما اور سابق سرپنچ قتل
رائے پور/بھوپال:بھارت کی دو مختلف ریاستوں میں نامعلوم مسلح افراد نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رہنما اور ایک سابق سرپنچ کو قتل کر دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ میں انتخابات کے پہلے مرحلے سے تین دن قبل نامعلوم مسلح افراد نے نارائن پور کے علاقے کوشلتر میں انتخابی مہم چلانے والے بی جے پی کے رہنما رتن دوبے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ بھارتی پولیس نے بی جے پی کے ضلعی نائب صدر کے قتل کا الزام نکسل وادی گوریلوں پر عائد کیا ہے۔ رتن دوبے رواں سال پارٹی کے چھٹے رکن ہیں جنہیں مبینہ طور پر مائونوازوں نے قتل کیا ہے۔
دریں اثناء بھارتی پولیس نے دعوی کیا ہے کہ مائو نوازوںنے مدھیہ پردیش کے ضلع بالاگھاٹ میں ایک سابق سرپنچ کو پولیس مخبر ہونے کے شبے میں قتل کر دیا جس سے علاقے میںکشیدگی پیدا ہوگئی جہاں 17نومبر کو انتخابات ہونے والے ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ ایک خاتون سمیت چار مائونواز لانجی کے بھکو ٹولہ گائوں میں 60سالہ شنکر لال پاندرے کے گھر میں گھس گئے اور اسے اپنے ساتھ لے گئے اور ایک گھنٹے بعد انہوں نے گائوں کے ایک اسکول کے قریب اسے گولی مار دی۔