سرینگر میں جموں و کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا پہلا اجلاس
سرینگر 30 اکتوبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے ہفتے کو کشمیر پریس کلب سرینگر میں اپنی جنرل کونسل کا پہلا اجلاس منعقدکیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایسوسی ایشن نے اپنی ویب سائٹ www.jakja.org کا آغاز کیا اور اجلاس کے دوران اپنے منشور کی رونمائی کی۔ اجلاس میں جنرل کونسل کے 60 سے زائد اراکین نے شرکت کی۔اجلاس نے ایسوسی ایشن کے اگلے انتخابات تک پہلے سے قائم عبوری انتظامیہ کی توثیق کر دی ۔ ا نتظامیہ میں ریاض مسرور بطور صدر، ملک ساجد نائب صدر، فہد شاہ جنرل سیکرٹری اور ریان نقاش بطور خزانچی شامل ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاض مسرور نے ایسوسی ایشن کو ایک جہاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر صحافی اس میں سوار ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم پورے جموں و کشمیرمیںسب کو ساتھ لینا چاہتے ہیں۔ کشمیر میں صحافی مختلف مسائل کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں اور ہم ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں اور انہیں ہر لمحہ سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں وادی میں صحافت کو مضبوط کرنے کے لیے کام کرنا ہے اور ہم سب کو اس میں اپنے آپ کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری فہد شاہ نے کہا کہ ادارہ تمام صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہر کوئی آئے اور ہمارے ساتھ شامل ہو تاکہ ہم اپنے بھائیوں کے لیے کچھ کر سکیں۔اجلاس کی صدارت کرنے والے سینئر صحافی جلیل راٹھور نے اظہار تشکر کیا کہ تمام صحافی ایک چھتری تلے اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیونٹی کو نظر انداز کیا گیا ہے لیکن اب مجھے امید ہے کہ حالات بدل جائیں گے کیونکہ پیشہ ور افراد نے ہاتھ ملایا ہے اورہم مل کر ہر مقصد پر لڑیں گے۔دیگر لوگوں کے علاوہ گریٹر کشمیر کے اوپینین ایڈیٹر محمود الرشید ، سینئر صحافیوں نصیر گنائی اور ہارون ریشی نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔ ایسوسی ایشن نے صحافیوں کو درپیش مختلف مسائل پر کام کرنے کے لیے کئی کمیٹیاں بھی تشکیل دیں جو آنے والے دنوں میں کام شروع کریں گی۔