امریکا نے خالصتانی رہنما کے قتل کی سازش ناکام بنادی، بھارت کو وارننگ جاری
واشنگٹن: برطانوی اخبار فائنانشل ٹائمز نے بدھ کو ایک رپورٹ میں کہاہے کہ امریکہ نے خالصتانی رہنما گروپتونت سنگھ پنون کو امریکی سرزمین پر قتل کرنے کی سازش ناکام بنا دی ہے۔
اخبار نے کہاکہ امریکی حکومت نے بھارت کو ان خدشات پر انتباہ جاری کیا ہے کہ گروپتونت سنگھ پنون کوقتل کرنے کی سازش میں بھارت ملوث ہے۔ امریکی اور کینیڈین شہری گرپتونت سنگھ پنون امریکہ میں قائم سکھز فار جسٹس کے رہنما ہیں۔فائنانشل ٹائمز کی یہ رپورٹ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے اس الزام کے منظر عام پر آنے کے چند ہفتوں بعد سامنے آئی ہے کہ کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی حکومت کے ایجنٹ ملوث ہیں۔خالصتان نواز رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو رواں سال جون میں کینیڈا کے علاقے سرے میں فائرنگ کرکے قتل کیاگیاتھا۔ جسٹن ٹروڈو کے الزامات سے ایک سفارتی تنازعہ پیداہوا تھاجس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مسلسل کشیدگی پائی جاتی ہے۔فائنانشل ٹائمز نے پنون کا حوالہ دیتے ہونے کہا انہوں نے یہ بتانے سے انکارکیاکہ آیا امریکی حکام نے انہیں مبینہ سازش کے بارے میں متنبہ کیا تھایا نہیں ۔ پنون نے کہا کہ وہ چاہیں گے کہ امریکی سرزمین پر میری جان کو بھارتی کارندوں سے لاحق خطرات کے معاملے پر امریکی حکومت اپنا ردعمل دے۔پنون کو امریکی سرزمین پر قتل کرنے کی مبینہ سازش کے بارے میں یہ رپورٹ بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی طرف سے ایئر انڈیا کے حوالے سے دھمکی آمیز ویڈیو پر خالصتانی لیڈر گروپتونت سنگھ پنون کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے دو دن بعد سامنے آئی ہے۔