سکھ رہنما کو امریکی سرزمین پر قتل کرنے کی سازش نے مودی حکومت کامکروہ چہرہ پھر بے نقاب کر دیا
اسلام آباد : فنانشل ٹائمز(ایف ٹی) کی اس رپورٹ نے کہ امریکہ نے سکھ رہنما گروپتون سنگھ پنوں کو اپنی سرزمین پر قتل کرنے کی بھارتی سازش ناکام بنا دی ہے ، نریندرمودی کی زیر قیادت ہندو تو ا بھارتی حکومت کا مکروہ چہرہ ایک مرتبہ پھر بے نقاب کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ایف ٹی کی رپورٹ کینیڈا کی طرف سے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجرکے قتل میں بھارتی ایجنٹوں کو ملوث قرار دیے جانے کے دو ماہ بعد سامنے آئی ہے۔ نجر کو رواں برس 18 جون کو برٹش کولمبیا میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے بھارتی حکومت کو اس حوالے سے انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ گروپتونت سنگھ پنون کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث تھی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جون میں کینیڈا کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کے بعد اب بھارت نے سکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنن کو قتل کرنے کی سازش کر کے امریکہ کی خودمختاری کو براہ راست چیلنج کیا ہے۔
ایف ٹی نے رپورٹ میں دی انٹرسیپٹ کی 21 نومبر کی رپورٹ کا بھی حوالہ دیاجس میں امریکہ میں قائم نیوز آرگنائزیشن نے کہا کہ بھارتی خفیہ ادارہ ”را“بیرونی ممالک میں سکھ اور کشمیری کارکنوں کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئی دہلی کی طرف سے خالصتان کے حامی سکھس فار جسٹس کے رہنما گرپتون سنگھ پنن کو امریکی سرزمین پر قتل کرنے کی سازش نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مودی کی زیر قیادت بھارت ایک ہندوتوا دہشت گرد ریاست بن چکا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر اور پاکستان میں کئی دہائیوں تک دہشت گردی کرنے کے بعد اب بھارت کینیڈا اور امریکہ میں بھی دہشت گردی کی کارروائیاںکرنے لگا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ 1984 میں بھارتی فوج کا آپریشن بلیو سٹار بھارت میں سکھ برادری کو منظم طریقے سے ختم کرنے کا ایک باضابطہ آغاز تھا اورسکھوں، کشمیریوں کو کئی دہائیوں سے متواتر بھارتی حکومتوں کے ہاتھوں منظم جبر کا سامنا ہے۔رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ مودی حکومت بیرونی ممالک میں سیاسی مخالفین کو قتل کرنے کی سازش کر کے بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی کر رہی ہے اور اپنے ناروا اقدامات اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے علاقائی اور عالمی استحکام کو شدیدخطرے میں ڈال رہی ہے۔ کے ایم رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت طویل عرصے سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کروا رہا ہے اور اسلام آباد نے بار ہا دنیا کو اس حوالے سے آگاہ کیا ہے۔
کے ایم ایس رپورٹ میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اس بات کا ادراک کرے کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت پوری انسانیت کے لیے خطرہ ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ ہندوتوا حکومت کی فسطائی ذہنیت کا نوٹس لے۔