مقبوضہ کشمیر : ایک اور مسلم سرکاری افسر معطل
سرینگر:بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیرکے ضلع اسلام آباد میں ایک اور مسلم کشمیری سرکاری افسر ریجنل ڈائریکٹر، سروے اینڈ لینڈ ریکارڈکو معطل کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عبدالحفیظ شاہ کو بی جے پی کی ہندوتوا حکومت نے فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ معطلی کی احکامات میں کہاگیا ہے کہ ریجنل ڈائریکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈ، اسلام آبادعبدالحفیظ شاہ کو جموں و کشمیر سول سروسز رول1956کی دفعہ31کے تحت فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔حکمنامے میں مزید کہاگیا ہے کہ اپنی معطلی کی مدت کے دوران وہ ڈویژنل کمشنر کشمیر کے دفتر سے وابستہ رہیں گے ۔
واضح رہے کہ مودی حکومت ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ایک تفتیشی کیمپ قائم کر رہی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ متاثرہ افسر کو کیمپ کے لیے زمین حاصل کرنے پر اعتراض تھا۔ نتیجے کے طور پر مودی حکومت نے انہیں معطل کر دیا ہے۔