بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے: وزیر اعظم پاکستان
اسلام آباد:نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیاہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انوار الحق کاکڑ نے آج انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی حکومت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کے اپنے مطالبے اور بھارت کے ظلم و جبراور قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس دن کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ہمراہ انسانی حقوق کے عالمی منشور کو اپنانے کی 75 ویں سالگرہ میں شامل ہے، یہ تاریخی اعلامیہ نسل، رنگ، مذہب، جنس، زبان، سیاسی ،قومی یا سماجی بنیاد، جائیداد، پیدائش یا دوسری حیثیت سے قطع نظر ان ناقابل تنسیخ حقوق کا احاطہ کرتا ہے جن کے تمام انسان یکساں حقدار ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے انسانی حقوق کے ساتھ اپنی وابستگی کا مسلسل مظاہرہ کیا ہے جس کی عکاسی ان اقدامات اور پالیسیوں کے ذریعے بھی ہورہی ہے جوپاکستان نے اپنے شہریوں کے وقار اور حقوق کے تحفظ کیلئے کئے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو دنیا کے دیگر حصوں میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ جنوبی ایشیا کے خطے میں بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کے تمام اقدار، اصولوں اور قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔بھارت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات سے جن کا مقصد علاقے میںآبادی کے تناسب میں تبدیلی اور کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم کرناہے، کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ظلم وجبر میں مزید اضافہ ہواہے۔پاکستان عالمی برادری پرزوردیتاہے کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت سمیت بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے بھارت پردبائو ڈالے ۔وزیراعظم نے کہاکہ فلسطین میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال سامنے آئی ہے،غزہ میں اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے نتیجے میں معصوم خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد شہید ہو چکے ہیں۔وزیراعظم نے آئین پاکستان اورانسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے مطابق اپنے تمام شہریوں کے حقوق اور آزادیوں کے احترام و تحفظ کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ۔