ماس موومنٹ کی طرف سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت
سرینگر02نومبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ماس موومنٹ نے کہاہے کہ مہلک کورونا وبا اور جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے کشمیری عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ماس موومنٹ کے سیکرٹری انفارمیشن شبیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ دوہرے لاک ڈان میں پھنسے کشمیری عوام کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ اور اسکی انسانی حقوق کونسل پرزوردیا کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی فوج کے مظالم اور کورونا وائرس کی مہلک وبا سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کرے اورمقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال کا از خود جائزہ لینے کے لیے ایک اعلی وفد جموں وکشمیر بھیجے ۔ انہوں نے کہا کہ مہلک وبا کی آڑ میں قابض انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں مزید سخت پابندیاں عائد کردی ہیں جن سے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہیں۔شبیراحمد نے کہاکہ بھارتی قابض فوج مقبوضہ علاقے میں نوجوانوں کو گھر گھر تلاشی اور محاصرے کے دوران چن چن کر گرفتار کررہی ہے ۔انہوں نے ہزاروں کشمیری نظربندوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت کشمیری نظربندوں کی رہائی کی انسانی حقو ق کی بین الاقوامی تنظیموں کی اپیلوں پر عمل کرنے کی بجائے مقبوضہ علاقے میں روزانہ درجنوں کشمیریوں کو گرفتار کرر ہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور انہیں ان کا یہ ناقابل تنسیخ حق دلوانے کیلئے اقوام عالم کو اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا ۔