محبوب بیگ کی پی ڈی پی سربراہ کو پونچھ جانے سے روکنے پر قابض حکام کی مذمت
سرینگر: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری محبوب بیگ نے پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کو پونچھ کے متاثرہ خاندانوں سے ملنے کی اجازت نہ دینے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوب بیگ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں محبوبہ مفتی کے ساتھ روارکھے جانے والے امتیازی سلوک پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور وزراء کو متاثرین سے ملنے کی اجازت دی گئی ہے اورصرف محبوبہ مفتی کو روکا گیاہے۔انہوں نے محبوبہ مفتی کے لیے اپنی واضح حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس واضح امتیازی سلوک پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تسلی دینے اوراظہارہمدردی کرنے کے لئے سیاسی رہنما ئوںکے اہم کرداراور پر زور دیا۔ قابض حکام نے محبوبہ مفتی کو گزشتہ روز پونچھ جانے سے روک دیا جہاں وہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دوران حراست شہید ہونے والے تین بے گناہ شہریوں کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کے لئے جارہی تھیں۔