کشمیری حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں: رپورٹ
اسلام آباد: غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادیں اوربین الاقوامی قوانین کشمیری عوام کو بھارتی غلامی سے آزادی کی جدوجہد کا حق دیتے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ آزادی کی موجودہ تحریک جو مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے جذبات کی عکاسی کرتی ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد تک جاری رہے گی۔رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بھارت جعلی آپریشنوں اور جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ فسطائی مودی کو یاد رکھنا چاہیے کہ آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے لوگوں کو دہشت گردی سے نہیں جوڑا جا سکتا۔مودی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں پرتشدد کارروائیوں اورظلم وجبرسے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتی۔ رپورٹ میں کہاگیاکہ دنیا کو آزادی اورحق خود ارادیت کے حصول کے لئے جدوجہدمیں مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگوں کی حمایت کرنی چاہیے اورکشمیری عوام اپنی جدوجہد کو منطقی انجام تک جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔