عید ہمیں قربانی کا درس دیتی ہے، ہمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کی بھر پور مدد کرنی چاہیے، حریت رہنما
نئی دلی: کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے پوری مسلم امہ خاص طور پر کشمیری مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے صاحب ثروت افرادسے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی سے متاثرہ افراد کی دل کھول کر مدد کریں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میںکہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ بھارت کے ہاتھوں بدترین مظالم کا شکار ہیں جنکا واحد قصور یہ ہے کہ وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلنے کی کوششوں میں مصروف ہے، کشمیریوں کو آزادی مانگنے کی پاداش میں قتل ، گرفتار کیا جا رہا ہے۔بیگناہ لوگوں کو جھوٹے مقدمات میںجیلوں میں سڑایا جا رہا ہے۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ بھارت کشمیریوںکی آزادی کی آواز کو دبانے کیلئے انتہائی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں قربانی اور سادگی کا درس دیتی ہے، ہمار ا اولین فرض یہ ہے کہ ہم شہداءکے اہلخانہ، جیلوںمیں بند کشمیریوں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار دیگر لوگوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں بھی عید کی خوشیوںمیں شریک کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند ایک اور سینئر رہنما مولوی بشیر احمد عرفانی نے بھی اپنے ایک پیغا م میں کشمیری مسلمانوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی ہے۔ انہوںنے کہا کہ خوشی کے اس پر مسرت موقع پر ہمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کا خاص طور پر خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مختلف جیلوں اور عقوبت خانوں میں برسہا برس سے قید کشمیری حریت رہنماوں ، کارکنوں،صحافیوں، طلباء، علما ءاور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نہیں بھولنا چاہیے جنہیں بھارت بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نظر بند افراد عزم وہمت کے ساتھ بھارتی قید کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ہم انکے حوصلوںکو سلام پیش کرتے ہیں