پاکستان کا تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ
کمپالا، یوگنڈا: پاکستان نے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق فوری طورپر حل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ اوراقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر سید حیدر شاہ نے یوگنڈا کے شہر کمپالا میں غیروابستہ تحریک (NAM) کے 19ویں سربراہی اجلاس میں پاکستان کا قومی موقف پیش کیا اور تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے پر زوردیا۔ انہوں نے غیروابستہ تحریک اور اس کے بنیادی اصولوں کے ساتھ پاکستان کی پختہ وابستگی اور امن، مساوات، تعاون اور سب کے لیے فلاح کی تحریک کی کوششوں کی مسلسل حمایت کا اعلان کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ کثیر جہتی عالمی چیلنجوں پر موثر بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ہی قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں متوازن اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مالیات، تجارت اور ٹیکنالوجی کے نظام میں اصلاحات کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا۔ حال ہی پیش آنے والے واقعات کے پیش نظروزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کو اپنا سرکاری دورہ مختصر کرناپڑا ، اس لئے غیروابستہ تحریک NAM کے سربراہی اجلاس میں سید حیدر شاہ پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔