حریت رہنمائوں ،تنظیموں کا شہدائے گائو کدل کو شاندار خراج عقیدت
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں اور تنظیموں نے شہدائے گاﺅ کدل کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
بھارتی فوجیوں نے21جنوری 1990کو سرینگر کے علاقے گا ﺅکدل میں پرامن مظاہرین پراندھا دھند فائرنگ کرکے 50سے زائد نہتے شہریوں کو شہید اور سیکڑوں دیگر کو زخمی کردیا تھا۔مظاہرین ایک رات پہلے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں علاقے کی کئی خواتین کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅںغلام محمد خان سوپوری، فریدہ بہن جی، خواجہ فردوس، سید بشیر اندرابی، محمد شفیع لون، عبدالصمد انقلابی ،محمد عاقب، ڈاکٹر مصعب، دیویندر سنگھ بہل ، محمد احسن انتو،جموں و کشمیر مسلم لیگ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ،پیپلز فریڈم لیگ، تحریک حریت جموں و کشمیر اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں گاﺅ کدل قتل عام کے شہداءکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے حق خود ارادیت کے عظیم اور مقدس مقصد کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے شہدا کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کریں گے۔حریت رہنماﺅں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے درجنوں واقعات پیش آئے ہیں اور قابض انتظامیہ نے اس سلسلے میں نام نہاد تحقیقاتی کمیشنوں کا اعلان بھی کیا تاہم آج تک کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث کسی بھارتی فوجی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکیا کہ بہیمانہ واقعے کے متاثرہ خاندان تین دہائیاں گزرنے کے باوجود ابھی تک انصاف سے محروم ہیں۔ حریت رہنماﺅں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ علاقے میں جنگی جرائم پر بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں لائے ۔