کشمیری اب مزید مظالم برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں، محبوبہ مفتی
سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم پر بی جے پی کی بھارتی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مودی حکومت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کے خلاف بھر پور آواز اٹھانے کی ضرورت ہے جن کا مقصد کشمیری عوام کو بے اختیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری دہلی کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ اب مزید مظالم برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے اس کا جواب دیں گے۔
محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو پارلیمانی انتخابات کے ذریعے اپنی آواز بلند کرنے کا ایک اور موقع میسر آیا ہے۔ انہوںنے بھارتی جیلوں میں قید ہزاروں کشمیریوں کی حالت زار پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔