کسانوں کے احتجاج کو 9ماہ مکمل ،احتجاج کو بھارت بھر میں پھیلایاجائیگا
نئی دلی 27 اگست (کے ایم ایس )
بھارت میں سمیوکت کسان مورچہ کا پہلا آل انڈیا کنونشن زرعی قوانین کے خلاف دارلحکومت نئی دلی کی سرحدوں جاری احتجاج کو نوماہ مکمل ہونے کے موقع پر گزشتہ روز سنگھومیں شروع ہوا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دو روزہ کنونشن کے افتتاح کے موقع پر کسان رہنمائوں نے اپنے احتجاج میں تیزی لانے اور احتجاجی تحریک کو پورے بھارت میں پھیلانے پر زوردیا۔بھارت کی 22ریاستوں سے کسانوں کی 300سے زائدنمائندہ تنظیمیں، 18تجارتی انجمنوں،خواتین کی نو اورطلباء اور نوجوانوںکی 17تنظیموںکے نمائندے کنونشن میں شرکت کر رہے ہیں۔ کنونشن کا افتتاح کرتے ہوئے کسان رہنما راکیش ٹکیت نے کہا کہ اپنے تمام مطالبات تسلیم کئے جانے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔کنونشن کی آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر آشیش متل نے مندوبین کے سامنے قرارداد کا ایک مسودہ پیش کیا جس میں بھارت بھر میں احتجاج کو بڑھانے پرزوردیا گیاہے۔