اقوام متحدہ کی انسانی حقو ق کونسل کشمیری کارکنوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے
اسلام آباد30مارچ (کے ایم ایس)
کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے نظربند کشمیری کارکنوں خرم پرویز اورمحمد احسن اونتو کی جلد رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق الطاف وانی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل جنیوا کے 49ویں اجلاس کے موقع پر ایجنڈا آئٹم نمبر5 کے تحت مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے اظہار رائے کی آزادی اوراختلاف رائے کے حقوق کے استعمال کا جواب جبری گرفتاریوں، دھمکیوں اور غلط معلومات کی مہم کے ساتھ دیا ہے جس کا مقصد انسانی حقوق کے کشمیری کارکنوں کو بدنام کرناہے ۔انہوں نے انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف درج کیے گئے جعلی مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ حالیہ دنوں میں انسانی حقوق کے ممتاز علمبرداروں خرم پرویز اور محمد احسن اونتو کو جھوٹے اور من گھڑت الزامات میں گرفتار کیا گیا۔الطاف وانی نے کہا کہ یہ نظربندیاں مودی کی قیادت میں نسل پرست حکومت کی پالیسی کا حصہ ہیں جس کا مقصدانسانی حقوق کے علمبرداروں کو خاموش کرانا ہے جنہوں نے مقبوضہ علاقے میں حقوق انسانی کی سنگین صورتحال سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے خرم پرویز ، احسن اونتو اور دیگر کشمیری نظربندوں کی مسلسل غیر قانونی حراست پر تشویش ظاہر کرنے پر اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے انسانی حقو ق کونسل پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظربندوں خصوصا خرم پرویز اور احسن اونتوکی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔