کشمیریوں کی جدوجہد حق و انصاف کے اصولوں پر مبنی ہے: مسرت عالم بٹ
سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد حق اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہے اور بھارت اسے اپنی فوجی طاقت سے دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ تنازعہ کشمیر 1947میں تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے اور دنیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ حریت چیئرمین نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دبا ئوڈالے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی بند کرے اور کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق خود ارادیت دے۔انہوں نے تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی حقائق، عالمی سطح پر تسلیم شدہ اور عالمی برادری کی اخلاقی و سیاسی حمایت پر مبنی عوامی تحریک بھارتی فورسز کے ظالمانہ اور جابرانہ اقدامات کے باوجود کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔مسرت عالم بٹ نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری طورپرحل کرنے پر زور دیا۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے جائز مطالبے کو دبانے کے لیے بھارت کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کا سنجیدہ نوٹس لے اورمقبوضہ علاقے میںجبری گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی دیگر سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔