سرینگر: میر واعظ کا مفتی ناصر الاسلام کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور عوامی مجلس عمل کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے علاقے کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام کی والدہ کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میںجاری اپنے تعزیتی بیان میںکہا کہ مرحومہ انتہائی نیک سیرت ،صوم و صلوٰة کی پابند اور انتہائی وفا شعار خاتون تھیں۔انہوںنے مفتی ناصر الاسلام ، مفتی فرید الدین اور دیگر غمزدہ لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی اورلواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
دریں اثنا عوامی مجلس عمل نے خاندان میرواعظ کے قریبی رفقاءحاجی غلام حسن لنگو اور غلام نبی پنڈت کے انتقال پر بھی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
تنظیم کے ایک وفد نے مرحومین کے گھر جاکر پسماندگان تک میرواعظ کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔
مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام کی والدہ آج سرینگر میںانتقال کر گئیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ انکے فرزند مفتی ناصر الاسلام نے پڑھائی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔