پاکستان

پاکستان کشمیر کاز کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا: مشعال ملک

WhatsApp Image 2024-02-03 at 6.37.51 PM اسلام آباد:  انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کاز کے لیے اپنی غیر متزلزل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے یہ بات پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور جموں و کشمیر کے عوام کو انصاف اور امن کی فراہمی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کے لئے نسل کشی، ماورائے عدالت قتل، دوران حراست تشدد، کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال، بچوں اور خواتین پر تشدد، جبری گمشدگیوں ،پیلٹ گن کے استعمال، جھوٹے آپریشنز اور جعلی پولیس مقابلوںمیں ملوث رہا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آبادی کا تناسب اور مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے غیر قانونی ہندو بستیوں کے قیام کے مودی حکومت کے اقدام پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 05اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارت کی طرف سے غیر کشمیریوں کو کشمیرکی ڈومیسائل کے اجرا ء میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مشعال ملک نے کشمیری قیادت پر بھارتی ظلم و ستم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری رہنما یا تو جیلوں میں یا اپنے گھروں میں نظر بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہیدکشمیری رہنما سید علی گیلانی کی قبر کو بھارت نے سب جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں لوگوں کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی دہشت گرد کارروائیوں کا ہدف ہے اور پاکستان کے اندر ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ آر ایس ایس کا دہشت گرد نیٹ ورک عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے کردارادا کریں۔WhatsApp Image 2024-02-03 at 6.37.52 PM

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button