اقوام متحدہ : پاکستان کا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں جانبداری برتنے پر اعتراض
اقوام متحدہ 30 جون (کے ایم ایس) پاکستان نے اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت میں جانبداری برتنے پر اعتراض کرتے ہوئے اس حوالے سے مقبوضہ جموں و کشمیر پر خاموشی کا حوالہ دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قوام متحدہ میں پاکستان کے قائمقام مستقل نمائندے عامر خان ایک بحث میں حصہ لیتے ہوئے عالمی امن و سلامتی کو آگے بڑھانے کے لیے موجودہ طریقہ کارپر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔وہ اقوام متحدہ میں ملائیشیا کے مستقل مشن کے زیر اہتمام ایک مباحثے سے خطاب کر رہے تھے۔ عامر خان نے یوکرین میں ہونے والی پیش رفت کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت اسی ایک معاملے کے حوالے سے خلاف ورزیوں اور انسانی حقوق کی بات کی جا رہی ہے جبکہ دوسرے مقامات خاص طور پر جموںوکشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںپر خاموشی چھائی ہوئی ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ جب انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مذمت میں جانبداری کا عنصر پایا جاتا ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ عدم مساوات اب عالمی سیاسی، اقتصادی اور مالیاتی نظام میں سرایت کر چکی ہے۔انہوں نے تنازعات کی بنیادی وجوہات کو دور کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی، اقتصادی اور سماجی کونسل، بین الاقوامی عدالت انصاف اور امن سازی کمیشن کا اس عمل میں اہم کردار ہے – عامر خان نے کہا کہ سلامتی کونسل کو اپنی قراردادوں اور فیصلوں کے مطابق تنازعات کے منصفانہ اور پرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے چارٹر کے تحت اپنے بنیادی اختیارات کو بروئے کار لانا چاہیے۔