مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں،مرزا آصف جرال
اسلام آباد:
جموں و کشمیر ڈیمو کریٹک فورم فرانس کے صدر مرزا آصف جرال نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں جاری ہیں۔دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارتی مظالم جو اجاگر کرنے اور عالمی برادری کی توجہ بھارتی کی مسلم کش پالیسیوں کی جانب مبذول کروانے کیلئے شب وروز مصروف عمل ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مرزا آصف جرال نے "تنازعہ کشمیر۔کشمیری تارکین وطن کا کردار” کے عنوان سے کشمیر سنٹر راولپنڈی میں منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک آزادی کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم سے نوجوان نسل، وطن عزیز کے شہریوں اور عالمی برادری کو آگہی اور شعور فراہم کرنے کیلئے جموں وکشمیرلبریشن سیل کے تمام ونگز کلیدی کردار ادا کررہاہے۔انہوں نے کہاکہ اوورسیز کشمیری جموں و کشمیر لبریشن سیل کے سوشل میڈیا یونٹ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بھر پور انداز میں اپنے پیجز کے ذریعے دنیا کے سامنے لا رہا ہے۔مرزا آصف جرال نے کہا کہ حال ہی میں بھارت میں جی 20 سربراہ اجلاس منعقد ہوا اور نریندرمودی نے بھارت کا روشن چہرہ دکھانے کی بھرپور کوشش کی تاہم اس دوران کینیڈا میں مقیم سکھ برادری نے خالصتان ریفرنڈم کا انعقاد اور ریفرنڈم میں ریکارڈ ووٹ ڈال کر مودی حکومت کی اس کوشش کو ناکام بنادیا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھی کشمیری عوام نے زبردست احتجاج کرکے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کی طرف مبذول کروانے کی بھرپور کوششں کی۔انھوں نے مزید کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور ریاستی دہشت گردی سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبایانہیں جاسکتا ۔ اس موقع پر سینئر صحافی اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ کے صدر عابد عباسی ، ڈائریکٹر نیشنل کوآرڈی نیشن راجہ خان افسر خان، نائب ناظم اطلاعات خواجہ عمران الحق، سردار ساجد محمود، سردار عظیم سرور،نجیب الغفور خان، انعام الحسن، راجہ راشد رضا ،محسن شعیب اوردیگر موجود تھے ۔